بنگلورو۔10؍مارچ(ایس او نیوز) ریاست بھر کے تمام پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں اگلے چھ ماہ کے دوران ٹیلی میڈیسن خدمات مہیا کرائی جائیں گی۔ یہ بات آج ریاستی وزیر صحت وخاندانی بہبود کے آر رمیش کمار نے بتائی۔ ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں اپنے محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے ای آروگیہ پروگرام اور دیگر سہولیات پر مشتمل ٹیابلیٹ کا اجراء کرتے ہوئے مسٹر رمیش کمار نے کہاکہ ٹیلی میڈیسن طبی خدمات مہیا کرائے جانے سے دور دراز علاقوں میں موجود پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں بھی مریضوں کو ماہرین کے ذریعہ علاج مہیا کرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ نے طے کیا ہے کہ تعلقہ سطح پر ہر سرکاری اسپتال میں آئی سی یو خدمات شروع کی جائیں۔ ساتھ ہی جن مریضوں کی حالت نازک ہو ان کی جان بچانے کیلئے وینٹلیٹر آلات بھی نصب کئے جائیں۔ ریاست میں ہر پندرہ کلومیٹر کے فاصلے پر تمام سہولیات سے لیس ایک ایمبولنس متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ،جس میں ایک ماہرڈاکٹر ، حادثات اور ہنگامی حالات کی صورت میں جان بچانے کیلئے آئی سی یو اور وینٹی لیٹر سسٹم دستیاب رہے گا۔ معیاری طبی خدمات کے نام پر نجی اسپتالوں کی طرف سے لی جانے والی بھاری رقومات کو دن دھاڑے کی لوٹ قرار دیتے ہوئے مسٹر رمیش کمار نے کہاکہ اس طرح کے قیمتی علاج کو اپنانے کی بجائے غریب طبقات کے مریض اکثر اوقات موت کو گلے لگانا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں میں اس طرح کا ماحول پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے، جہاں مریض کو معیاری علاج فراہم کیا جائے اور اس میں یہ اعتماد اجاگر ہوکہ سرکاری اسپتال کا رخ کریں تو بھی ان کی صحت میں سدھار آسکتا ہے، ورنہ ریاست میں سرکاری اسپتالوں پر سالانہ خرچ ہونے والے ہزاروں کروڑ روپے فضول ہیں۔ وزیر موصوف نے کہاکہ پوری ریاست میں 2300 سے زائد پرائمری ہیلتھ سنٹر ہیں ، ان میں سے ایک ہزار پرائمری ہیلتھ سنٹروں کو آج ہی محکمہ کی طرف سے ٹیاب مہیا کرایا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں تمام مراکز کو یہ سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ تقریب کی صدارت وزیر برائے شہری ترقیات وحج روشن بیگ نے کی۔ تقریب میں میئر پدماوتی ، محکمۂ صحت کی پرنسپل سکریٹری شالنی رجنیش ، ہیلتھ کمشنر سبودھ یادو اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔